14 فروری، 2026، 12:00 PM

شام کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ایران کا دوٹوک اعلان

شام کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ایران کا دوٹوک اعلان

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے اعلان کیا ہے کہ تہران ایک مستحکم، متحد اور محفوظ شام کی حمایت جاری رکھے گا اور اسرائیل کو شامی خودمختاری کی خلاف ورزیوں سے باز رہنا چاہئے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ایک مستحکم، متحد اور محفوظ شام کی حمایت جاری رکھے گا جو دہشت گردی، غیر ملکی قبضے اور بیرونی مداخلت سے پاک ہو۔

انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل کو شامی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزیاں بند کرنی چاہئیں اور بین الاقوامی قانون، خصوصاً 1974 کے علیحدگی معاہدے، کی پابندی کرنی چاہیے۔ ان کے بقول مقبوضہ شامی گولان سمیت شامی علاقوں میں اسرائیلی فوجی سرگرمیاں خطے کے امن کے لیے براہ راست خطرہ ہیں اور سلامتی کونسل کو اس معاملے پر مؤثر اقدام کرنا چاہیے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ شامی عوام کو گزشتہ برس کے عبوری اقدامات کے باوجود شدید انسانی، معاشی اور سکیورٹی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی سیاسی عمل شامی قیادت میں اور شام کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کے مکمل احترام کے ساتھ ہونا چاہیے۔

انہوں نے شمال مشرقی شام کی حالیہ پیش رفت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی اداروں کی بحالی اور کشیدگی میں کمی کے لیے منظم اور جامع انضمام ضروری ہے۔ تمام فریقین کو جنگ بندی کی پابندی، شہریوں کے تحفظ اور بے گھر افراد کی باعزت واپسی کو یقینی بنانا چاہیے، جبکہ مذہبی اور نسلی اقلیتوں کے حقوق کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے۔

ایروانی نے خبردار کیا کہ داعش اب بھی شام کے مختلف علاقوں میں سرگرم ہے اور حراستی مراکز میں موجود ہزاروں جنگجوؤں کی سکیورٹی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے غیر ملکی دہشت گرد جنگجوؤں اور ان کے اہل خانہ کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیجنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو صرف ہنگامی امداد تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ تعمیر نو، ابتدائی بحالی اور معاشی استحکام کے لیے عملی اقدامات اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہیے۔

آخر میں انہوں نے شام کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے ایران کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

News ID 1938049

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha